جبری طور پر ریٹائر کیے گئے امریکی آرمی چیف جنرل رینڈی جارج نے اپنے الوداعی پیغام میں امریکی فوج کے لیے مضبوط اور باکردار قیادت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق جنرل رینڈی جارج نے آرمی سیکریٹری کو ایک ای میل کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس میں انہوں نے امریکی فوج کی صلاحیتوں اور مستقبل کے حوالے سے اہم نکات اٹھائے۔
انہوں نے لکھا کہ امریکی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے اور اس کے جوان غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، اس لیے وہ ایسی قیادت کے مستحق ہیں جو ان کی صلاحیتوں کے مطابق ہو۔
جنرل جارج نے مزید کہا کہ فوجیوں کو ایسے قائدین کی ضرورت ہے جو نہ صرف مضبوط عزم رکھتے ہوں بلکہ اخلاقی جرات اور اعلیٰ کردار کے بھی حامل ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والی قیادت فوج کو بہتر انداز میں آگے لے کر جائے گی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تین روز قبل امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے جنرل رینڈی جارج سمیت 13 جنرلز کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا تھا، جس کے بعد امریکی دفاعی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔
اس بڑے فیصلے کے بعد فوجی قیادت اور پالیسی سازی کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ سابق آرمی چیف کا یہ پیغام بھی اسی تناظر میں اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
برطرف امریکی آرمی چیف کا پیغام، فوج کو باکردار قیادت کی ضرورت
