Baaghi TV


پاکستان میں مقیم 20 لاکھ سے زائد افغان شہری وطن واپس، انخلاء کا عمل جاری

‎گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پاکستان میں مقیم 20 لاکھ سے زائد افغان شہری اپنے وطن واپس جا چکے ہیں، اور حکومت و بین الاقوامی اداروں کے مطابق یہ عمل بدستور جاری ہے۔
‎اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے بتایا کہ ستمبر 2023 سے طورخم سمیت مختلف سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے مجموعی طور پر 20 لاکھ 75 ہزار افغان شہری افغانستان واپس لوٹ چکے ہیں۔ ان میں وہ افراد شامل ہیں جو رضاکارانہ طور پر واپس گئے اور وہ جنہیں قانونی کارروائی کے بعد ملک بدر کیا گیا۔
‎صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق لنڈی کوتل ٹرانزٹ کیمپ سے تازہ ترین اعداد و شمار میں اے سی سی (افغان سٹیزن کارڈ) رکھنے والے 29 خاندانوں کے 130 افراد واپس روانہ کیے گئے۔ اس کے علاوہ پی او آر (پروف آف رجسٹریشن) کارڈ ہولڈرز کے 174 خاندانوں یعنی 784 افراد بھی حالیہ دنوں میں افغانستان لوٹ گئے۔ غیر قانونی مقیم 21 خاندانوں سمیت 108 افراد کو بھی واپس بھیجا گیا۔
‎یو این ایچ سی آر کے مطابق اس عرصے کے دوران تقریباً 2 لاکھ 4 ہزار افغان شہریوں کو جبری طور پر ملک بدر کیا گیا، جبکہ دیگر نے رضاکارانہ طور پر وطن واپسی اختیار کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی مرحلہ وار واپسی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

More posts