پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے دوران پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے افغان طالبان کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی علاقوں میں نعرۂ تکبیر کی گونج کے ساتھ پاک فوج کے جوانوں نے جرات، پیشہ وارانہ مہارت اور اعلیٰ عسکری حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا،ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور اشتعال انگیزی کے بعد افواجِ پاکستان نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا۔ جوابی کارروائی میں دشمن کی متعدد سرحدی پوسٹیں، اسلحہ ڈپو اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جس سے ان کی عسکری صلاحیت کو شدید دھچکا پہنچا۔ کئی اہم ہیڈ کوارٹرز بھی تباہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران جدید عسکری حکمت عملی اپنائی گئی۔ پاک افواج نے فضائیہ، آرٹلری فائر پاور اور کواڈ کاپٹرز سمیت جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا۔ فضائی نگرانی کے ذریعے دشمن کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی گئی جبکہ درست نشانے بازی سے اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دشمن کی جانب سے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کے برعکس زمینی حقائق پاک فوج کی برتری کو واضح کرتے ہیں۔ پاکستانی فورسز نہ صرف اپنی تمام سرحدی چوکیوں پر مضبوطی سے موجود ہیں بلکہ کسی بھی نئی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اس کارروائی نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ افواجِ پاکستان جدید عسکری صلاحیت، مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور بلند حوصلے کے ساتھ ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اگر مستقبل میں بھی کسی قسم کی اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کا جواب پوری طاقت اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ دیا جائے گا، اور ملکی دفاع کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
