گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لاہور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھیوں کی جانب سے دیے گئے نازیبا اور توہین آمیز ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختون ثقافت ہمیشہ عزت، وقار اور انسانی حرمت کی علمبردار رہی ہے، بالخصوص خواتین کے احترام کو ہمارے معاشرے میں بنیادی حیثیت حاصل ہے، لاہور میں سامنے آنے والے الفاظ نہ صرف افسوسناک بلکہ شرمناک بھی ہیں، جو ہمارے معاشرتی اقدار کے منافی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اختیار اور عہدوں پر فائز افراد سے سیاسی بلوغت کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت اور احترام کا مظاہرہ بھی لازم ہے، کیونکہ ان کے الفاظ صرف ان کی ذات ہی نہیں بلکہ پورے صوبے اور ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاست ذاتی حملوں اور کردار کشی کا نام نہیں بلکہ تعمیری مکالمے، اختلافِ رائے کے احترام اور عوامی مسائل کے حل کا ذریعہ ہونی چاہیے۔گورنر خیبرپختونخوا نے تمام سیاسی قائدین پر زور دیا کہ وہ گندی سیاست سے بالاتر ہو کر گفتار اور کردار میں اعلیٰ اقدار کو اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، مگر زبان و بیان میں شائستگی اور احترام برقرار رکھنا قومی ذمہ داری ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں اخلاقی اقدار کے فروغ اور خواتین کے احترام کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف سیاسی ماحول کو آلودہ کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے بھی منفی مثال بنتے ہیں، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ مثبت، مہذب اور ذمہ دارانہ سیاست کو فروغ دیں تاکہ ملک میں برداشت، احترام اور وقار کی فضا قائم رہ سکے۔
