پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی نے حالیہ نوٹم کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بند نہیں کی گئی۔
ادارے کے مطابق کچھ میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود محدود کر دی گئی ہے، جو درست نہیں۔ جاری کردہ نوٹم A0134/26 ایک معمول کی ایڈوائزری ہے جس میں کراچی اور لاہور ایف آئی آر کے چند مخصوص اے ٹی ایس روٹس کی عارضی عدم دستیابی سے آگاہ کیا گیا ہے۔
پی اے اے کے مطابق یہ عارضی انتظام 3 سے 31 مارچ تک روزانہ صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک نافذ رہے گا اور اس کا مقصد آپریشنل امور کو منظم رکھنا ہے۔ اس دوران متبادل فضائی راستے دستیاب ہیں جو معمول کے مطابق استعمال کیے جا رہے ہیں۔
ادارے نے مزید واضح کیا کہ کمرشل پروازوں، آمد و رفت یا اوور فلائٹس پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول اور ایئرپورٹ ٹیمیں مکمل طور پر فعال ہیں اور فضائی ٹریفک کو معمول کے مطابق سنبھال رہی ہیں۔
پاکستانی فضائی حدود مکمل طور پر کھلی اور محفوظ ہے، پی اے اے کی وضاحت
