Baaghi TV

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان انسدادِ منشیات تعاون کا معاہدہ طے

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔ دونوں ممالک نے منشیات کی غیر قانونی نقل و حرکت اور اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات اور بھرپور تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکا میں بنگلادیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، داخلی سلامتی اور سکیورٹی تعاون کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سیکرٹری سطح پر جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ انسدادِ منشیات، داخلی سکیورٹی اور دیگر باہمی امور پر رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلادیشی حکام کو سیف سٹی منصوبے میں مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جدید سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کے حوالے سے اپنے تجربات بنگلادیش کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔

دونوں ممالک نے سول آرمڈ فورسز کی ٹریننگ اور داخلی سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے اپنے بنگلادیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

More posts