اسلام آباد: پاکستان کو عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی اور ٹیکنالوجیکل کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں پاکستان کو 2026 کے لیے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
اس کامیابی کو ملک کے ڈیجیٹل مستقبل، آئی ٹی شعبے اور عالمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے ڈی سی او کی صدارت سنبھالنے پر اپنے ردِعمل میں اسے ملک و قوم کے لیے باعثِ فخر اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت میں ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن نہ صرف رکن ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی تعاون کو فروغ دے گی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھی مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے گا۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ بطور صدر پاکستان کو مصنوعی ذہانت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل اکانومی، سائبر سیکیورٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے اپنی پالیسیوں اور وژن کو عالمی فورمز پر پیش کرنے کا ایک مضبوط موقع ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ڈیجیٹل اختراعات، نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس ایک متحرک نوجوان آبادی، مضبوط آئی ٹی ٹیلنٹ اور تیزی سے ترقی کرتا ہوا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر موجود ہے، جو اسے عالمی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں مقام دلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ڈی سی او کی صدارت پاکستان کے لیے سرمایہ کاری، بین الاقوامی شراکت داری اور ڈیجیٹل اصلاحات کے نئے دروازے کھولے گی۔
ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن ایک بین الحکومتی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینا، ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی ترقی کو ممکن بنانا اور ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنا ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کی صدارت نہ صرف ملکی آئی ٹی انڈسٹری کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی بلکہ خطے اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے لیے بھی ایک مثبت مثال قائم کرے گی۔ڈی سی او کی صدارت پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے
