غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرِقبضہ جموں کشمیر کے متعدد علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں پر پاکستان کی تعریف کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں، کھمبوں اور ستونوں پر چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں جنگ بندی کی کوششوں کو فروغ دینے پرفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا گیا ہے۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ ان کوششوں سے خطے میں امن اور امید کی فضا پیدا ہوئی ہے ، جس سے ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر جانی نقصان کو روکا جاسکا ہے ۔ جنگ بندی اور امریکہ اور ایران کے درمیان جاری بات چیت نے دنیا بھر کے لوگوں کو خاص طور پر تنازعے سے براہِ راست متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو راحت اور امید کا پیغام دیا ہے۔
علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک مقامی شہری پاکستان کی سفارتی کوششوں اور عسکری قیادت کی تعریف کر رہا ہے،ویڈیو میں شہری نے بڈگام سے پاکستانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے،ویڈیو پیغام میں شہری کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار پر ہر کشمیری خوش اور دعاگو ہے،وائرل ویڈیو میں شہری کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بڈگام سے تمام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو سلام، فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ہر کشمیری آپ کے لیے دعا کر رہا ہے کہ آپ نے امریکا ایران جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا۔
شہری نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گودی میڈیا اس پیش رفت کے بعد خاموش دکھائی دے رہا ہے، پاکستان کی قیادت پر تنقید کرنے والے موجود رہیں گے لیکن قافلے چلتے رہیں گے۔ اگر خدا ساتھ ہو تو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، چاہے پوری قوم مخالف کیوں نہ ہو، میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے محبت کرتا ہوں، کشمیر ان سے محبت کرتا ہے۔
