Baaghi TV

امن مذاکرات کے لیے پاکستان کی سفارتی کامیابی، ایرانی وفد کی آمد

iran

پاکستان کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، ایران کا اعلیٰ سطحی مذاکراتی وفد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیا، جہاں ان کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ایرانی مہمانوں کو بھرپور پروٹوکول فراہم کیا گیا، جسے ان کے شایانِ شان قرار دیا جا رہا ہے۔

ایرانی وفد کی آمد پر خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستانی قیادت نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور امریکی وفود کے درمیان ہونے والی بات چیت حکمت، تفہیم اور باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھے گی اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے نمائندے پاکستان کی مخلصانہ دعوت پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں اور آج دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں اب جنگ نہیں بلکہ امن کی بات ہو رہی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نازک صورتحال میں پاکستانی قیادت نے غیر معمولی اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر آمادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو فریقین کل تک میدان جنگ میں آمنے سامنے تھے، آج مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کو تیار ہیں، جو پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا ثبوت ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ عارضی جنگ بندی کے بعد اب سب سے بڑا چیلنج مستقل اور دیرپا امن کا قیام ہے، جو ایک نہایت اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مرحلے کی کامیابی خطے کے مستقبل کا تعین کرے گی۔وزیراعظم نے اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے اور امن کی راہ ہموار کرنے میں غیر معمولی قیادت کا مظاہرہ کیا۔آخر میں وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوئے تو بے شمار معصوم جانیں بچائی جا سکیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان ان مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

More posts