آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے زیر اہتمام 1965 کی جنگ کی یاد میں یومِ بحریہ منایا گیا، جس کے دوران جنگ کے دوران بحری جنگجوؤں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ بحریہ کی تقریبات کا آغاز قرآن خوانی اور شہدا کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے ان کی قربانیوں اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی دفاع کے لیے دی گئی قربانیوں کو سراہا گیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ آپریشن سوم ناتھ نے محدود وسائل کے باوجود فیصلہ کن نتائج حاصل کرنے کی پاک بحریہ کی صلاحیت ثابت کردی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن سوم ناتھ کے دوران قائم ہونے والی جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی میراث آج بھی برقرار ہے۔ معرکۂ حق میں بھارتی بحریہ کے خلاف پاک بحریہ کی کامیابی بھی اسی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ بحریہ کے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
