گلوبل ٹیررازم انڈیکس 2026 کے مطابق پاکستان پہلی بار دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں 2025 میں عسکریت پسندی کے باعث اموات میں 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 163 ممالک کا جائزہ لیا گیا، جس میں دہشت گردی کے واقعات، ہلاکتوں، زخمیوں اور یرغمالیوں کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 2025 کے دوران دہشت گردی کے 1,045 واقعات میں 1,139 افراد ہلاک ہوئے، جو 2013 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز میں افغانستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات اور کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی بڑھتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
مزید کہا گیا کہ ٹی ٹی پی پاکستان میں سب سے مہلک گروہ کے طور پر سامنے آیا ہے اور عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ 2009 کے بعد ہونے والے حملوں میں اس کا حصہ 67 فیصد سے زائد ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹی ٹی پی دنیا کے چار مہلک ترین گروہوں میں شامل ہے، جن میں داعش، جماعت نصرت الاسلام والمسلمین اور الشباب بھی شامل ہیں۔
پاکستان دہشت گردی کے عالمی انڈیکس میں پہلے نمبر پر، اموات میں اضافہ
