Baaghi TV

خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی بے دخلی کی خبروں کی تردید

Pakistan

‎حکومتِ پاکستان نے خلیجی ممالک سے پاکستانی شہریوں کی بے دخلی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی خلیجی ملک سے پاکستانیوں کو نکالے جانے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
‎قومی اسمبلی کے اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل، انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں اور غیر قانونی شناختی کارڈز کے معاملے پر اہم بریفنگ دی گئی۔
‎اجلاس کے دوران حکومتی ارکان نے کہا کہ سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں گردش کرنے والی خبروں کے برعکس کسی خلیجی ملک نے پاکستانی شہریوں کی اجتماعی بے دخلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
‎وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ حکومت کی سخت پالیسیوں اور نگرانی کے باعث غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کی کوششوں میں 44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر جعلی دستاویزات اور پاسپورٹس کی شناخت کیلئے جدید مشینیں نصب کی جا چکی ہیں جبکہ جعلی کاغذات پر سفر کرنے والوں کو فوری طور پر آف لوڈ کیا جاتا ہے۔
‎طلال چوہدری کے مطابق ایف آئی اے عملے کی تربیت بھی جاری ہے اور انہی اقدامات کی بدولت عالمی سطح پر پاکستانی پاسپورٹ کی ساکھ میں بہتری آ رہی ہے۔
‎انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ بعض مقامی افراد نے ذاتی مفاد کیلئے غیر ملکیوں کو اپنے فیملی ٹری میں شامل کروا کر انہیں پاکستانی شناختی کارڈز دلوائے۔
‎اجلاس میں پیش کی گئی سرکاری دستاویز کے مطابق گزشتہ تین برس کے دوران سات خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کی جانب سے مجموعی طور پر 9 ہزار 233 شکایات درج کروائی گئیں۔

More posts