آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکا کے خلاف جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ اس دوران صاحبزادہ فرحان نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 73 رنز اسکور کیے۔ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، صائم ایوب، شاداب خان اور شاہین آفریدی نے بھی ٹیم کی اسکورنگ میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، عثمان طارق کو سلمان مرزا کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ کے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ امریکا کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کا امریکا کے خلاف 191 رنز کا ہدف مقرر
