Baaghi TV

پاکستان سپرلیگ کی ساتویں ٹیم نیلام، حیدرآباد فرنچائز 175 کروڑ روپے میں فروخت

اسلام آباد میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی توسیع کے حوالے سے ایک اہم اور تاریخی مرحلہ طے پا گیا، جہاں لیگ کی ساتویں ٹیم کی نیلامی کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔ پی ایس ایل کی ساتویں فرنچائز کی بولی کی بیس پرائز 110 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم سخت مقابلے کے بعد ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی بلند ترین بولی دے کر فرنچائز اپنے نام کرلی۔ نئی ٹیم کا نام حیدرآباد رکھا گیا ہے۔

پاکستان سپرلیگ کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کے سلسلے میں اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، اس تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سمیت پی ایس ایل اور پی سی بی کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔ذرائع کے مطابق نئی ٹیموں کے لیے فیصل آباد، گلگت، سیالکوٹ، حیدرآباد، راولپنڈی اور مظفرآباد جیسے شہروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں سے ایک شہر کی فرنچائز کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد نیلامی کے عمل میں مجموعی طور پر 9 کاروباری گروپس نے حصہ لیا، جس سے مقابلہ مزید سخت ہوگیا۔

پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر وسیم اکرم نے تقریب کے دوران ساتویں ٹیم کی بولی کی بیس پرائز کا باضابطہ اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بولی کا آغاز 110 کروڑ روپے سے کیا گیا، جس کے بعد مختلف پارٹیوں کی جانب سے بولیاں دی گئیں اور بالآخر ایف کے ایس گروپ نے سب سے زیادہ رقم ادا کر کے فرنچائز حاصل کرلی۔اس موقع پر پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپرلیگ نے اپنے سفر کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کیا، تاہم پی سی بی مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل آج دنیا کی بہترین اور کامیاب ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شمار ہوتی ہے، جس کی عالمی سطح پر ساکھ مضبوط ہوچکی ہے۔

More posts