پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی نئی کٹ کی متوقع رونمائی منسوخ کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی ورلڈ کپ کٹ آج آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے ٹاس کے فوراً بعد پیش کی جانی تھی، تاہم آخری لمحات میں اس تقریب کو منسوخ کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کٹ کی رونمائی ناگزیر وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئی ہے، تاہم ان وجوہات کی باضابطہ طور پر وضاحت نہیں کی گئی۔ پی سی بی کی جانب سے بھی اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا،
کرکٹ حلقوں میں یہ بات زیرِ گردش ہے کہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت یا ممکنہ بائیکاٹ سے متعلق حتمی فیصلہ نہ ہونا بھی کٹ کی رونمائی منسوخی کی ایک بڑی وجہ ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق جب تک اس اہم معاملے پر واضح فیصلہ سامنے نہیں آتا، تب تک ورلڈ کپ سے متعلق کسی بھی تشہیری سرگرمی کو مؤخر رکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جیسے ہی پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے صورتحال واضح ہوگی، نئی تاریخ کے ساتھ کٹ کی رونمائی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ فی الحال تمام تر توجہ آسٹریلیا کے خلاف جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز اور آئندہ فیصلوں پر مرکوز ہے۔
