سعودی عرب کے وزرات دفاع نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی ایک فوجی فورس مشرقی سیکٹر میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گئی ہے۔ یہ تعیناتی دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت عمل میں آئی ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق پاکستانی دستہ پاکستان ایئر فورس کے جنگی اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان عسکری ہم آہنگی کو فروغ دینا، آپریشنل تیاری کی سطح کو بلند کرنا اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ خطے اور عالمی سطح پر امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کہتے ہیں کہ سعودی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ سٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کا فوجی دستہ مشرقی ریجن میں کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے۔
