Baaghi TV

پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی ٹیکس فراڈ کیس میں سزا یافتہ

‎پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو فرانس میں ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں سزا سنا دی گئی۔
‎فرانسیسی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیرس کورٹ آف اپیل نے محمود بھٹی کو دو سال قید کی معطل سزا، ایک لاکھ 50 ہزار یورو جرمانہ اور 10 سال کیلئے کسی بھی کمپنی کے انتظامی عہدے سے نااہل قرار دیا ہے۔
‎عدالت نے ان کی تین قیمتی گھڑیاں اور تین جیگوار گاڑیاں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔
‎رپورٹ کے مطابق محمود بھٹی نے 2009 سے 2012 کے دوران ٹیکس فراڈ جبکہ 2009 سے 2014 کے درمیان منی لانڈرنگ کے الزامات تسلیم کیے۔
‎تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں قائم ایک کمپنی کے ذریعے قرضوں کے نظام سے فائدہ اٹھا کر پرتعیش طرزِ زندگی گزار رہے تھے۔
‎محمود بھٹی 1980 کی دہائی میں فرانس کی ریڈی ٹو ویئر فیشن انڈسٹری میں تیزی سے ابھرے تھے اور ان کی کامیابی کی کہانی نے فرانسیسی فلم “لا ویریتے سی ژے مان” کے ایک کردار کو بھی متاثر کیا تھا۔
‎انہوں نے اپنی خود نوشت میں خود کو ایک “سیلف میڈ” کاروباری شخصیت کے طور پر پیش کیا تھا جو 1970 کی دہائی میں فرانس پہنچے اور محنت سے کامیابی حاصل کی۔
‎رپورٹ کے مطابق ان کا سب سے مقبول پروڈکٹ مصنوعی چمڑے کی سیاہ جیکٹ تھی جس کی لاکھوں تعداد فروخت ہوئی۔
‎محمود بھٹی اس سے قبل بھی 2001 میں مالیاتی فراڈ کے ایک مقدمے میں قانونی مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں۔
‎عدالت میں پیشی کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ اب ریٹائر ہو چکے ہیں اور صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔
‎رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2018 میں وہ ایک ڈکیتی کی واردات کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہیں شدید ذہنی اور جسمانی اثرات کا سامنا کرنا پڑا۔

More posts