Baaghi TV

پاکستانی نوجوان احسن یاسین کی شارجہ میں شاندار کامیابی

شارجہ میں منعقد ہونے والے 54ویں شیخ محمد بن زاید کیمل ریسنگ فیسٹیول میں پاکستانی نوجوان احسن یاسین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

اس عالمی ایونٹ میں 50 سے زائد ممالک کے نوجوان کھلاڑیوں نے کیمل ریس میں شرکت کی، جہاں سخت مقابلے کے باوجود احسن یاسین نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔18 سالہ احسن یاسین نے دو کلومیٹر طویل یوتھ کیمل ریس 3 منٹ 47 سیکنڈ میں مکمل کرتے ہوئے گولڈن کیمل ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اس شاندار فتح کے ساتھ انہیں 50 ہزار درہم کی انعامی رقم بھی ملی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 38 لاکھ روپے بنتی ہے۔ریس کے آغاز میں احسن یاسین کی پوزیشن چھٹی تھی، تاہم اپنی محنت، مہارت اور بہترین حکمتِ عملی کی بدولت انہوں نے چند ہی لمحوں میں رفتار بڑھاتے ہوئے دیگر تمام مقابلوں کو پیچھے چھوڑ دیا اور پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ ان کی اس غیر معمولی واپسی کو شائقین اور ماہرین کھیل کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔

احسن یاسین نہ صرف کیمل ریسنگ میں مہارت رکھتے ہیں بلکہ وہ انجینئرنگ کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ دبئی کے ہیریٹیج سینٹر میں کیمل ریسنگ کی باقاعدہ ٹریننگ بھی لیتے ہیں، جو ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے احسن یاسین نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند دیکھنا ناقابلِ بیان خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کامیابی پاکستان کے نام کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے مزید اعزازات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

More posts