بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پنجگور کے علاقے کاٹاگری میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
