Baaghi TV

پارلیمنٹ ہاؤس کیفے ٹیریا، سینیٹر کی پلیٹ سے کاکروچ نکل آیا

parliment

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفے ٹیریا میں صفائی اور خوراک کے ناقص انتظامات ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئے، جب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سید وقار مہدی کی پلیٹ سے کاکروچ نکل آیا۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری تھا اور اراکین کو کھانا فراہم کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی سینیٹر وقار مہدی نے اپنی پلیٹ میں کاکروچ دیکھا، انہوں نے فوری طور پر اس پر شدید احتجاج کیا، دیگر سینیٹرز نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ جیسے حساس اور اہم ادارے میں اس نوعیت کی غفلت کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔سینیٹر وقار مہدی کی شکایت پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کیفے ٹیریا انتظامیہ سے وضاحت طلب کرلی۔ چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں اراکینِ پارلیمنٹ کو فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سینیٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفے ٹیریا میں صفائی کے نظام کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے، فوڈ سیفٹی معیار کو یقینی بنایا جائے اور ناقص کارکردگی دکھانے والی انتظامیہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفے ٹیریا میں ناقص کھانے اور غیر معیاری صفائی کی شکایات سامنے آئی ہوں۔ اس سے قبل بھی اراکینِ پارلیمنٹ کی جانب سے بدبودار کھانے، غیر صحت بخش اشیاء اور ناقص صفائی پر متعدد بار احتجاج کیا جا چکا ہے، تاہم مستقل بنیادوں پر مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آئے۔

اراکینِ پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا معیار بہتر بنانا نہایت ضروری ہے، کیونکہ ایسے واقعات نہ صرف ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ صحت کے سنگین مسائل کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ واقعے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس انتظامیہ پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ فوری اصلاحی اقدامات کرے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنائے۔

More posts