عرب میڈیا کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران میں قائم صدی پرانے طبی تحقیقاتی ادارے پاسچر انسٹی ٹیوٹ آف ایران کو حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد ادارے کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچا اور تحقیقاتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ فوری طور پر نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ پاسچر انسٹی ٹیوٹ 1920 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ ایران میں طبی تحقیق، ویکسین سازی اور بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے ایک مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ ادارہ کئی اہم بیماریوں کے خلاف تحقیق اور ویکسین کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے اور ملک کے صحت کے نظام میں اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے اس حملے کو عالمی صحت کے تحفظ پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مراکز کو نشانہ بنانا نہ صرف ایک ملک بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے اثرات اور نقصان کی نوعیت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
تہران میں پاسچر انسٹی ٹیوٹ پر حملہ، عمارت کو شدید نقصان
