Baaghi TV


پاکستان انجینئرنگ کونسل کا فری لانس پروگرام، 5 ہزار انجینئرز کو عالمی مواقع دینے کا منصوبہ


پاکستان انجینئرنگ کونسل نے نوجوان انجینئرز کو خود مختار بنانے اور انہیں عالمی منڈی تک رسائی دینے کیلئے “گلوبل انجینئرنگ فری لانس انیشی ایٹو” کا آغاز کر دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت ملک بھر سے 5 ہزار انجینئرز کو آن لائن تربیت دی جائے گی تاکہ وہ بین الاقوامی فری لانس پلیٹ فارمز پر کام حاصل کر سکیں۔ تربیت کے دوران شرکا کو نہ صرف کام کے مواقع تلاش کرنے بلکہ ایک مضبوط پورٹ فولیو بنانے اور پہلا فری لانس پروجیکٹ حاصل کرنے کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
‎یہ آن لائن کورس رواں سال اپریل کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوگا جس میں جدید تقاضوں کے مطابق مہارتیں سکھائی جائیں گی۔
‎چیئرمین پی ای سی وسیم نذیر کے مطابق انجینئرنگ کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل اور ریموٹ ورک کی طرف بڑھ رہا ہے، اس لیے نوجوانوں کو اس تبدیلی کے مطابق تیار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے شرکا کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ انہیں ان کی مہارت کے مطابق بہترین مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
‎وسیم نذیر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف انجینئرز کو عالمی سطح پر روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ پاکستان کی انجینئرنگ خدمات کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا اور ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

More posts