پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی کونسل آف کمپلینٹس نے جیو نیوز کی محرم الحرام کی خصوصی ٹرانسمیشن سے متعلق سامنے آنے والے تنازع پر اسلامی نظریاتی کونسل سے باضابطہ رہنمائی طلب کر لی ہے۔
پیمرا کے مطابق 26 جون کو نشر کیے گئے محرم کے خصوصی پروگرام "سفرِ عشق” میں ایسے مناظر دکھائے گئے جو مذہبی، ثقافتی اور سماجی حساسیت کے منافی قرار دیے گئے۔ اتھارٹی کا مؤقف ہے کہ اس مواد سے عوام کے مذہبی جذبات مجروح ہونے اور امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
پیمرا نے اس نشریات کو پیمرا آرڈیننس 2002، پیمرا رولز 2009 اور ضابطۂ اخلاق 2015 کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے 27 جون کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ معاملہ مزید قانونی کارروائی کے لیے کونسل آف کمپلینٹس کے سپرد کیا گیا اور چینل انتظامیہ کو اندرونی انکوائری مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی دی گئی۔
بعد ازاں جیو نیوز نے قومی اخبارات میں باقاعدہ معذرت شائع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ واقعہ انسانی غلطی کا نتیجہ تھا۔ چینل نے بتایا کہ متنازع مواد فوری طور پر ہٹا دیا گیا، اندرونی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
30 جون کو ہونے والے کونسل آف کمپلینٹس کے اجلاس میں جیو نیوز کی انتظامیہ نے دوبارہ مؤقف اپنایا کہ یہ غلطی غیر ارادی تھی اور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے، تاہم کونسل کے مطابق اس دعوے کے حق میں کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
کونسل آف کمپلینٹس کی چیئرپرسن ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر نے معاملے کی مذہبی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کو خط ارسال کیا ہے۔ خط میں استفسار کیا گیا ہے کہ آیا چینل کی معطلی، عوامی معذرت اور اب تک کیے گئے اقدامات اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کافی ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل سے 8 جولائی 2026 تک اپنی سفارشات اور رہنمائی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جس کے بعد پیمرا آئندہ کارروائی سے متعلق فیصلہ کرے گا۔
پیمرا نے جیو نیوز کی بندش پہ اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی طلب کر لی
