پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف سندھ کے علاقے کوٹری میں شہریوں اور مزدور طبقے نے شدید احتجاج کیا اور وزیراعظم کا علامتی جنازہ نکال کر اپنا غم و غصہ ظاہر کیا۔
تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی اور احتجاجی ریلی نکالی، جو مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی ‘ببرا اسٹاپ’ تک پہنچی جہاں اسے جلسے کی شکل دے دی گئی۔
مظاہرین نے احتجاج کے دوران وزیراعظم کا علامتی جنازہ بھی نکالا اور علامتی نماز جنازہ ادا کی، جس کا مقصد حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کرنا تھا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پر ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے، خاص طور پر غریب اور مزدور طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال نے عام آدمی کی زندگی کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے اور لوگ بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہوتے جا رہے ہیں۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
شرکا نے مزید کہا کہ حکومت کو اپنی معاشی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
پیٹرول مہنگا، کوٹری میں احتجاج، وزیراعظم کا علامتی جنازہ
