اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جہاں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کرایوں میں نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ناقابل قبول ہے اور اس کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان آئے گا۔ انہوں نے حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غلط فیصلوں کے باعث لاکھوں افراد بیروزگار ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو ملک میں ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن نے بھی ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ ہونے کے باوجود موجودہ تناسب سے کرایوں میں اضافہ ممکن نہیں، اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ٹرانسپورٹرز کو کاروبار بند کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ کیا ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر خزانہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
