مہنگے جیٹ فیول کے باعث قومی ایئر لائن پی آئی اے نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو دی جانے والی تمام رعایتیں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے اسٹوڈنٹس، سینئر سٹیزنز، صحافیوں، ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں اور اے ایس ایف کے ملازمین کو دی جانے والی خصوصی رعایتیں ختم کر دی ہیں، جس کے حوالے سے تمام ایئرپورٹس پر عملے کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایئر لائن نے ہر قسم کی ڈسکاؤنٹ اسکیم عارضی طور پر واپس لے لی ہے اور یہ فیصلہ ایندھن کی قیمتوں میں استحکام آنے تک برقرار رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پی آئی اے کے اخراجات میں شدید اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث مالی دباؤ کم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق موجودہ حالات میں ایئر لائن کو اپنے آپریشنز برقرار رکھنے کے لیے سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں تاکہ مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں پہلے ہی مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف شعبوں میں اخراجات بڑھنے سے عوام پر مالی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
پی آئی اے کے مہنگے ایندھن کے باعث تمام ڈسکاؤنٹ ختم
