پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے طویل انتظار کے بعد 6 سال کے وقفے کے بعد لندن کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں، جسے قومی ہوا بازی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 785 اسلام آباد سے 325 مسافروں کو لے کر لندن کے لیے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک خصوصی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جس میں سیکریٹری دفاع اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے شرکت کی اور پرواز کو روانہ کیا۔
تقریب کے دوران کیک کاٹا گیا اور مسافروں میں تحائف تقسیم کیے گئے، جبکہ ایک خوش نصیب مسافر کو قرعہ اندازی کے ذریعے 660 سی سی گاڑی انعام میں دی گئی، جس نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔
اس موقع پر پی آئی اے کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی جبکہ 30 مارچ سے لاہور سے بھی ہفتے میں ایک پرواز کا آغاز کیا جائے گا، یوں مجموعی طور پر چار پروازیں ہفتہ وار آپریٹ ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ لندن روٹ کی بحالی سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ قومی ایئر لائن کی ساکھ اور آمدنی میں بھی بہتری آئے گی۔
پی آئی اے کی لندن پروازیں 6 سال بعد بحال
