وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس مرتبہ قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اس کے مطابق عام آدمی پر بوجھ کم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ ریلیف عوام تک پہنچایا جائے اور مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے جس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ تاہم حکومت بروقت پالیسی سازی، بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے اس صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی اور سفارتی ٹیم کی کوششوں سے ملک کی ضروریات کے مطابق خام تیل کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کوئی بھی پیٹرول پمپ مقررہ قیمت سے زیادہ وصولی نہ کرے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں گے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ
