Baaghi TV

وزیراعظم کا صنعتوں کیلئے بجلی سستی کرنے کا اعلان، ایکسپورٹرز کو ریلیف پیکج

‎وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے صنعتی شعبے کو بڑا ریلیف ملے گا، جبکہ حکومت کو ماہانہ 12 ارب روپے ریونیو بھی حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈسٹری کے لیے ویلنگ چارجز 9 روپے سے کم کر دیے جائیں گے۔
‎اسلام آباد میں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات نے مشکل حالات میں ملک کا نام روشن کیا اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا سب سے بڑا چیلنج تھا، تاہم آج معیشت مستحکم ہے اور مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔
‎وزیراعظم نے کہا کہ حکومتیں کاروبار نہیں کرتیں بلکہ نجی شعبہ معیشت کا اصل محرک ہوتا ہے، اس لیے اسٹیٹ بینک اور متعلقہ اداروں کو کاروباری طبقے کی بات سننی چاہیے۔ انہوں نے دوست ممالک چین، سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کی مدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ان ممالک نے پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا۔
‎شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی اور اس کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے ساتھ رویوں میں واضح تبدیلی آئی۔ انہوں نے کہا کہ نامور ایکسپورٹرز کو دو سال کے لیے بلیو پاسپورٹ دیا جائے گا اور ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکس میں 3 فیصد کمی کا بھی اعلان کیا۔
‎وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی شفاف نجکاری کی گئی، کرپشن کے حامل ادارے بند کیے گئے اور حکومتی اخراجات میں کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شوگر سیکٹر اور وزارت مواصلات میں ریونیو بڑھانے کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے جاری رہیں گے۔

More posts