Baaghi TV

وزیراعظم کا خالدہ ضیا کی تعزیت کے لیے بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لیے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے تعزیت کا اظہار کیا، تعزیتی کتاب میں پیغام ریکارڈ کیا اور مرحومہ کی روح کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیاء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک صاحب بصیرت رہنما اور ایک نامور سیاسی شخصیت قرار دیا جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کردی۔ بیگم ضیاء کو پاکستان اور اسکے عوام کی مخلص دوست و خیر خواہ کے طور پر یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ایک لازوال اور متاثر کن میراث چھوڑی ہے۔

پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیاء کے اہل خانہ، ان کی پارٹی کے کارکنان اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے.

More posts