ایوان میں قرارداد میں وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی عالمی سطح پر کی جانے والی سفارتی کوششوں کو بھرپور طریقے سے سراہا گیا ہے۔
یہ اہم قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار نے جمع کرائی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف، جنرل عاصم منیر اور اسحاق ڈار کی مشترکہ کاوشوں سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے میں پاکستان کا ایک اہم کردار سامنے آیا ہے، جس کی بدولت عالمی تباہی اور ممکنہ ایٹمی جنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے-
قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اگر پاکستان امن کے لیے یہ کوششیں نہ کرتا تو دنیا ایک بڑی جنگ کی لپیٹ میں آ جاتی جس سے بے گناہ لوگ مار ے جاتے اور عالمی معیشت زمین بوس ہو جاتی،پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے جس سے امریکہ اور ایران کے درمیان تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اس کامیابی کا اعتراف اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے کر رہے ہیں اور اس سے برطانیہ، کینیڈا اور یورپی ممالک کا پاکستان پر اعتماد مزید بڑھا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی عسکری برتری اب دنیا بھر میں تسلیم کر لی گئی ہے اور مسلم امہ کی نظریں بھی پاکستان پر مرکوز ہیں جو ایران اور امریکہ کے درمیان اتحاد کے لیے امید بن کر ابھرا ہے 10 اپریل کے اسلام آباد مذاکرات کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے تجویز پیش کی گئی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر کو ان عظیم خدمات کے بدلے نوبیل امن انعام سے نوازا جائے، اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان مستقبل میں بھی ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدوں کے لیے اپنی ثالثی کی پالیسی جاری رکھے گا تاکہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکے۔
