Baaghi TV


وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس، خلیجی ممالک کو خوراک کی برآمدات تیز کرنے کی ہدایت

pm shehbaz


اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ علاقائی صورتحال، خلیجی ممالک کو خوراک کی فراہمی اور بندرگاہوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے خلیجی ممالک کو خوراک کی برآمد کیلئے حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے، کیونکہ خطے کی بدلتی صورتحال عالمی سپلائی چین کو متاثر کر رہی ہے۔
‎شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات میں تیزی لائی جائے لیکن ملک کے اندر ضروری اشیاء کی دستیابی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طلب اور رسد کی سخت نگرانی کی جائے اور فیصلوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
‎اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک خصوصی کمیٹی نے 40 اشیاء کی برآمد کی منظوری دے دی ہے جن میں چاول، گھی، چینی، گوشت، پولٹری، ڈیری مصنوعات، پھل اور سبزیاں شامل ہیں۔ برآمد کنندگان کا ڈیٹا بیس بھی تیار کر لیا گیا ہے اور فضائی و بحری راستوں سے تجارت کو سہل بنایا جا رہا ہے۔
‎حکام کے مطابق عید کے دوران بھی کراچی اور پورٹ قاسم مکمل طور پر فعال رہے۔ بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے کیلئے آف ڈاک ٹرمینلز پر ٹرانس شپمنٹ کی اجازت دی گئی ہے اور کسٹمز قوانین میں بھی ترامیم کی گئی ہیں۔ مزید برآں بندرگاہوں پر ٹرانسپورٹ اخراجات میں 60 فیصد تک کمی کی گئی ہے جبکہ تمام بندرگاہوں پر ایکسپورٹ فیسلیٹیشن ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

More posts