Baaghi TV


وزیراعظم اور ایرانی صدر کا رابطہ، امن کوششوں پر اتفاق


وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک خطے کی صورتحال اور امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس رابطے کو موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان حملوں کے نتیجے میں 1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
‎وزیراعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سفارتی رابطوں کا مقصد تمام فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔
‎انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اجتماعی اور مشترکہ کوششوں سے ہی خطے میں پائیدار امن ممکن ہے۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اور عسکری قیادت کی جانب سے کیے جانے والے سفارتی اقدامات سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا۔
‎دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اعتماد سازی اور سنجیدہ مذاکرات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے ثالثی کے عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ کوششیں خطے میں استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
‎وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

More posts