وزیراعظم شہباز شریف آج قوم سے اہم خطاب کریں گے جس میں بڑے اعلان کی توقع کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم رات 12 بجے سے پہلے قوم سے خطاب کر سکتے ہیں، اور اس دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے مثبت اثرات عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں وزیراعظم نئی قیمتوں کی منظوری دیں گے جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی توقع بڑھ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر حکومت اس کمی کا مکمل فائدہ عوام کو منتقل کرتی ہے تو مہنگائی میں کچھ حد تک کمی آ سکتی ہے۔
حکومت کے پاس پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز میں ردوبدل کا مکمل اختیار موجود ہے۔ اس وقت پیٹرول پر تقریباً 80 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے، جو قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دوسری جانب ڈیزل پر گزشتہ ہفتے سے لیوی ختم کی جا چکی ہے، جس سے عوام کو مزید ریلیف کی امید ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں کمی کا پورا فائدہ صارفین تک پہنچایا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا آج کا خطاب نہ صرف پیٹرولیم قیمتوں بلکہ مجموعی معاشی صورتحال کے حوالے سے بھی اہم ہو سکتا ہے۔
وزیراعظم کا قوم سے خطاب میں :اہم اعلان متوقع
