Baaghi TV

پیپلز پارٹی نے سندھ میں تین دن جشن منانے کا اعلان کردیا

ppp

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے متنازعہ کینالوں کے منصوبے پر کام بند کرنے کے اعلان پر سندھ بھر کے تمام اضلاع سے لے کر تمام تحصیلوں کی سطح تک مسلسل تین دن اظہار تشکر ریلیاں نکالنے اور جشن منانے کا اعلان کیاہے۔

باغی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے سندھ کے صدر نثار کھوڑونے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کینالوں کے منصوبے پر کام بند کرنے کا اعلان متنازعہ کینالوں کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کے موقف کی کامیابی ہے۔پیپلز پارٹی کے سندھ بھر میں اضلاع سے لے کر تحصیل سطح تک تمام تنظیمی عہدیداران و ذمہ داران آج(جمعہ) سے مسلسل تین دن ضلعی اور تحصیل سطح پر کینال منصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی کے موقف کی کامیابی پر اظہار تشکر ریلیاں نکالیں اور جشن منائیں۔

انہوں نے کہاکہ متنازعہ کینالوں کے منصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کی جدوجہد کی وجہ سے وفاقی حکومت کو سندھ کا موقف تسلیم کرنا پڑا۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سی سی آئی میں بھی سندھ کا بھرپور مقدمہ لڑے گی اور متنازعہ کینالوں کے منصوبے کو ختم کرائے گی۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جدوجہد کرکے کالاباغ ڈیم منصوبہ ختم کرایا تھا اور اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف سندھ کے موقف کو تسلیم کرایا ہے۔کینالوں کا مسئلہ صرف پانی کا مسئلہ نہیں سندھ کے وجود کا مسئلہ ہے۔پیپلز پارٹی نے سندھ کے وجود کو بچانے کے لئے ہر فورم پر بھرپور کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہینگے۔

More posts