لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی بار روٹ ٹو مکہ آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، اس حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سعودی اور پاکستانی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سعودی حکومت کے ڈائریکٹر آپریشنز حج فواز سعود الشفیری اور سعودی سفارتخانے کے سیکریٹری نے شرکت کی، جبکہ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، کسٹمز، ایف آئی اے، اے این ایف، وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران حجاج کرام کو ہر مرحلے پر بہترین سہولیات فراہم کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
انفراسٹرکچر سے متعلق امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جن میں خصوصی کاؤنٹرز اور ہولڈنگ ایریاز کا قیام، مناسب نشستوں کی فراہمی، جدید کیو مینجمنٹ سسٹم اور واضح سائن ایج شامل ہیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسافروں کے بہاؤ کو ہموار بنایا جائے، رش کم کیا جائے اور سروس کے معیار کو بہتر بنایا جائے تاکہ حجاج کرام کو آسان اور آرام دہ سفر فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ لاہور ایئرپورٹ سے روٹ ٹو مکہ آپریشن کو کامیاب، منظم اور مسافر دوست بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جلد مکمل کیے جائیں گے۔
لاہور ایئرپورٹ پر روٹ ٹو مکہ آپریشن کی تیاریاں شروع
