گلگت بلتستان میں 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ نے پولنگ کے روز شفاف، پرامن اور منظم انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔
حکام کے مطابق ریٹرننگ افسران (آر او) کے دفاتر سے انتخابی سامان مختلف پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔ بیلٹ پیپرز، بیلٹ بکس، انتخابی ریکارڈ اور دیگر ضروری مواد کی محفوظ ترسیل کے لیے جامع سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
انتخابی عملے کی تعیناتی اور انہیں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کے لیے بھی تمام انتظامات حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں عملے اور سامان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ کے روز ووٹرز کو سہولت فراہم کرنے اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ حساس اور انتہائی حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔
گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور مختلف سیاسی جماعتیں آخری مراحل کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ امیدوار عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے جلسے، کارنر میٹنگز اور انتخابی رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق انتخابی سامان کی ترسیل مکمل ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر حتمی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ووٹنگ کے دن تمام عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔
گلگت بلتستان انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل
