Baaghi TV

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اسٹیٹ آف دی یونین خطاب ، ڈیموکریٹس کے احتجاج کا امکان

trump

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کی صبح سات بجے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کریں گے، جس کے دوران اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس کی جانب سے احتجاج کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
‎امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے دوسرے صدارتی دور کے اس پہلے خطاب کے حوالے سے صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تقریر طویل ہوگی کیونکہ ان کے بقول ملک اور عالمی معاملات پر بات کرنے کیلئے بہت کچھ موجود ہے۔
‎غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق ڈیموکریٹک ارکان کانگریس خطاب کے دوران احتجاج یا علامتی ردعمل دے سکتے ہیں، جس سے سیاسی ماحول مزید کشیدہ ہونے کا امکان ہے۔
‎میڈیا رپورٹس کے مطابق خطاب میں ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات، ان کی ناکامی کی صورت میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور جنگ کے خدشات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔ اس کے علاوہ صدر ٹرمپ تجارتی ٹیرف پالیسی کا دفاع کریں گے اور امریکی معیشت سے متعلق اپنی حکمت عملی پیش کریں گے۔
‎خطاب میں جرائم کی روک تھام، غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف اقدامات اور مختلف قانون سازی کے منصوبوں کا ذکر بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔ صدر ٹرمپ عالمی سطح پر جاری تنازعات کم کرنے کی کوششوں کا کریڈٹ لینے کی بھی توقع رکھتے ہیں۔
‎دوسری جانب حالیہ سرویز کے مطابق صدر کی مقبولیت میں کمی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ ریپبلکن قیادت کو خدشہ ہے کہ آئندہ مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کم از کم کانگریس کے ایک ایوان میں برتری حاصل کر سکتے ہیں۔
‎یہ خطاب امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے نشر کیا جائے گا اور عالمی سطح پر براہ راست دیکھا جائے گا۔

More posts