( میرپورماتہیلو باغی ٹی وی نا مہ نگار مشتاق علی لغاری )ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کی جانب سے رمضان المبارک کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مقرر، ریٹ لسٹ جاری، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا حکم.
گھوٹکی ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لیے ضلع بھر میں عام استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مقرر کرتے ہوئے باضابطہ ریٹ لسٹ جاری کر دی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ مقررہ نرخوں پر عمل نہ کرنے والے منافع خور دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے اور کریک ڈاؤن شامل ہوگا۔ سبزی اور فروٹ کی قیمتوں پر نظر رکھنے کے لیے سبزی منڈیوں کا مسلسل معائنہ کیا جائے گا۔ بیورو آف سپلائز اینڈ پرائس کے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا جائزہ لیں اور ہر دکان پر ریٹ لسٹ کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
جاری کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق دال چنا پنجاب 220 روپے فی کلو، دال چنا سندھ 210 روپے، دال مونگ دھلی اے 400 روپے، بی 300 روپے، دال مسور دھلی 210 روپے، دال ماش ثابت 410 روپے، دال مونگ ثابت 265 روپے، دال مٹر 170 روپے، چھولا 8 ایم ایم 260 روپے، 9 ایم ایم 300 روپے، 12 ایم ایم 380 روپے، چھولا ثابت برما 230 روپے، سفید لوبیا 260 روپے، ثابت مونگ 350 روپے، مونگ پشاوری 400 روپے، مٹھائی 170 روپے، گڑ 150 روپے، چاول کرنل پنجاب 280 روپے، کرنل سندھ 270 روپے، چاول 86 اے 190 روپے، 86 بی 170 روپے، چاول ٹوٹا پنجاب 160 روپے، ٹوٹا سندھ 140 روپے، چاول ایری 100 روپے، چاول کائنات کچا 300 روپے، کائنات سیلا 320 روپے، بیسن 230 روپے، سوجی 125 روپے، میدہ 125 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔اسی طرح بکرے کا گوشت 1850 روپے فی کلو، بچھڑے کا گوشت 1100 روپے فی کلو، مچھلی دنبھرو ایک کلو سے کم 400 اور ایک کلو سے زائد 600 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ نان 20 روپے، روٹی 15 روپے اور چپاتی 10 روپے میں فروخت کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مرغی، چینی، سبزی اور فروٹ کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر مقرر کیے جاتے ہیں، اس لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خریداری کے وقت دکانداروں کے پاس موجود مارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ ریٹ لسٹ اور تاریخ ضرور چیک کریں اور مقررہ نرخوں کے مطابق ہی ادائیگی کریں
