Baaghi TV


نجی اسکولز کا مطالبہ: تعلیمی ادارے 24 مارچ سے کھولے جائیں


پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی ادارے 24 مارچ سے دوبارہ کھولے جائیں اور 31 مارچ تک تعطیلات کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔
ایسوسی ایشن کے رہنما ابرار احمد خان کے مطابق پنجاب میں تدریسی دنوں کی تعداد صرف 124 ہے، جو عالمی اوسط 186 دنوں کے مقابلے میں بہت کم ہے، جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک جیسے سری لنکا، بھارت اور بنگلادیش میں تعلیمی ادارے بند نہیں کیے گئے، اس لیے پنجاب میں بھی اس فیصلے پر نظرثانی ضروری ہے۔
‎واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں کو 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
‎محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی تجاویز پر غور کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور نصاب کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔
‎تعلیمی حلقوں کی جانب سے یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ آئندہ تعلیمی سال میں ہفتہ وار چھٹیوں میں کمی کی جائے، جبکہ موسم گرما اور سرما کی تعطیلات کو محدود کر کے تعلیمی دنوں کی تعداد کم از کم 180 تک بڑھائی جائے۔ ساتھ ہی طلبہ کے لیے سمر کیمپس متعارف کرانے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ تعلیمی نقصان کا ازالہ ہو سکے۔

More posts