وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ ڈیل کے لیے اب تک دو بار سنجیدہ کوششیں کی جا چکی ہیں، لیکن وہ کسی بھی حل پر آمادہ نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی کوشش محسن نقوی اور علی امین گنڈا پور نے 26 نومبر کے احتجاج سے پہلے اور بعد میں کی، جبکہ دوسری کوشش بیرون ملک سے آئے چند قریبی ساتھیوں نے کی۔ ایک موقع پر بانی پی ٹی آئی ڈیل پر راضی بھی ہوئے، لیکن بعد میں اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہٹ دھرمی اس قدر ہے کہ ان کی شرائط کسی کے لیے بھی قابل قبول نہیں، کیونکہ وہ کہتے ہیں "آپ میری جگہ آ جائیں اور میں آپ کی جگہ آ جاتا ہوں”۔ مشیر سیاسی امور نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کو یہ احساس نہیں ہوگا کہ ملک میں کوئی انقلاب نہیں آرہا، تب تک کسی تیسرے اقدام کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد ملاقاتیں یا علاج نہیں بلکہ سیاسی ایشو بنا کر ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔ عسکری قیادت کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ قیادت کا کوئی ذاتی سیاسی ایجنڈا نہیں، وہ صرف اپنے معاملات میں مداخلت نہ ہونے کی خواہش رکھتے ہیں اور انہیں سیاستدانوں کے مذاکرات سے کوئی مسئلہ نہیں۔
بانی پی ٹی آئی ڈیل پر تیار نہیں، ہٹ دھرمی جاری، رانا ثناء اللہ
