کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے عیدالفطر کے موقع پر جیل سے مشترکہ خط جاری کیا ہے جس میں انہوں نے قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خط پر پی ٹی آئی کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر اسیر رہنماؤں کے دستخط موجود ہیں، جنہوں نے اپنی قید کے دوران چھٹی عید جیل میں گزارنے کا ذکر کیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کو دہشت گردی اور مہنگائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم پاکستانی عوام محدود وسائل کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کی روایت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
اسیر رہنماؤں نے خط میں عالمی صورتحال کا بھی حوالہ دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کے اثرات عالمی امن اور معیشت پر پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں قوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد اور صبر کی تلقین کی۔
کوٹ لکھپت جیل سے پی ٹی آئی رہنماؤں کا خط، قوم کو عید کی مبارکباد
