Baaghi TV

‎پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت، مریم نواز کا بڑا اعلان

cm


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومتی احکامات کے بعد اب اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کرنے والے مسافروں کو ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
‎مریم نواز کا کہنا تھا کہ موجودہ مشکل حالات میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
‎وزیراعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کے لیے بھی خصوصی سبسڈی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، تاکہ زرعی شعبے کو سہارا دیا جا سکے۔
‎انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور جنگ کے باعث دنیا معاشی بحران کا شکار ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں۔
‎مریم نواز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جا سکے۔
‎انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید معاشی بوجھ سے نجات دلائی جائے گی۔
‎واضح رہے کہ اسلام آباد میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

More posts