Baaghi TV

پنجاب میں کچی رسیدوں کے اجرا پر پابندی، خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے کچی رسیدوں کے اجرا پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز سمیت متعلقہ کاروباری مراکز پر الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (EIMS) کا نفاذ لازمی قرار دے دیا۔

نئے ضوابط کے تحت کاروباری مراکز کے لیے صارفین کو باقاعدہ رسید جاری کرنا لازمی ہوگا، جس پر کاروبار کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کا QR کوڈ درج ہونا ضروری ہوگا۔حکام کے مطابق EIMS کے تحت رسید جاری نہ کرنے والے کاروباروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی پر 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کو ایک ماہ تک سیل بھی کیا جا سکے گا۔اس کے علاوہ صارفین کو کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل یا اس نوعیت کی دیگر رسیدیں جاری کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ کاروباری مراکز کو لین دین کا ریکارڈ مقررہ الیکٹرانک نظام کے تحت ہی جاری کرنا ہوگا۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کاروباری لین دین میں شفافیت، ٹیکس وصولی میں بہتری اور غیر دستاویزی کاروباری سرگرمیوں کی روک تھام ممکن ہوگی۔

More posts