وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے پنجاب سٹیڈیم نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے پہلے سپورٹس سٹی کی تعمیر کا اعلان کیا اور تحصیل سطح پر پنک گیمز کے آغاز کا اعلان کیا۔ انہوں نے پنک گیمز کی خواتین کھلاڑیوں کے لیے 2 کروڑ روپے کے انعامات، رہائش اور طعام کے خصوصی انتظامات کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعلیٰ نے خواتین کھلاڑیوں کو "سپر پنجاب کی سپر بیٹیاں” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عورتیں ملک، صوبہ، وزارت اور معیشت چلا سکتی ہیں، جنگ لڑ سکتی ہیں، جہاز اڑا سکتی ہیں اور وزیراعلیٰ بن کر مردوں کو ٹف ٹائم دے سکتی ہیں۔ انہوں نے بیٹیوں سے کہا کہ "زمین آپ کی ہے، آسمان آپ کا ہے، آگے بڑھیں اور جیت کر دکھائیں”۔
تقریب میں ہر ڈویژن کی اتھلیٹس نے پنک گیمز کی مشعل لے کر سٹیڈیم کا چکر مکمل کیا اور اولمپین اتھلیٹ فائقہ ریاض نے مارچ پاسٹ کی قیادت کی۔ تقریب میں وزراء، ارکان اسمبلی، ویٹرن کھلاڑیوں اور ہزاروں بچیوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر کھیل فیصل کھوکھر اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیلوں کو تحصیل تک لے جا رہے ہیں، خواتین کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفے دیے جا رہے ہیں اور ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکی کے فروغ کے لیے سینتھیٹک آسٹرو ٹرف سٹیڈیم بنائے جائیں گے۔ انہوں نے ملک کی نوجوان نسل میں ٹیلنٹ اور بیٹیوں کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ حالات مشکل بھی ہوں تو گھبرانا نہیں، عورت صنف آہن ہے اور ہر میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔
اس موقع پر تقریب میں 3,400 خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور پورا سٹیڈیم ڈھول کی تھاپ اور نعروں سے گونجتا رہا۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ رواں سال سپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز ہوگا اور پنک گیمز کو یونین کونسل سطح تک بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں اور خواتین کو کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سپورٹس سٹی اور کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 کا آغاز
