پنجاب حکومت نے صوبے میں روزگار اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں سرکاری زرعی اراضی کاشت کے لیے فراہم کی جائے گی، جبکہ 50 ہزار افراد کو کاشت کاری کے لیے سرکاری زمین دینے کے اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد بے روزگاری میں کمی اور زرعی شعبے کو فعال بنانا ہے۔
اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ اضلاع کے بعد اب تحصیلوں میں بھی گرین بس سروس شروع کی جائے گی۔ پنجاب کابینہ نے الیکٹرو بس سروس کے لیے ایک ہزار نئی گرین بسیں منگوانے کی منظوری دے دی ہے۔
مزید برآں، الیکٹرو بسوں میں 25 مارچ سے کیش لیس ادائیگی نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹی کیش کارڈ اور بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ نقد ادائیگی کی صورت میں مسافروں کو اضافی کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
پنجاب حکومت کا ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان
