لاہور: گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش نے نظامِ زندگی متاثر کر دیا، جبکہ خراب موسم کے باعث فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا اور پروازوں کی آمد و روانگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے گرمی کی شدت میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بہاولنگر میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ چنیوٹ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث راجن پور، بورے والا اور جہانیاں میں متعدد درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر رہی۔ادھر پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور آندھی کے سلسلے کے جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے
