وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے گرین پولیسنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جدید الیکٹرک وہیکل خود ڈرائیو کی اور کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ایندھن کے اخراجات میں واضح کمی اور زیرو کاربن اخراج کا ذریعہ بنے گا۔
لاہور میں پہلی مرتبہ جدید بی وائی ڈی الیکٹرک وہیکل کے ذریعے پولیس پیٹرولنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ گرین پولیسنگ صاف فضا، ماحولیاتی تحفظ اور بہتر طرز حکمرانی کے وژن کی عملی عکاس ہے۔
افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پیٹرولنگ گاڑیوں کا معائنہ کیا، جبکہ انہیں یونٹ کے قیام، مقاصد اور الیکٹرک وہیکلز کی تکنیکی خصوصیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑی ایک بار مکمل چارج ہونے پر 410 کلو میٹر تک سفر کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گاڑی میں جدید سرویلنس پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور اسپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں۔
حکام کے مطابق اس وقت پیٹرولنگ پر مامور 103 گاڑیاں ماہانہ تقریباً 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں۔ گرین پولیسنگ یونٹ کے آغاز سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ سرکاری اخراجات میں بھی نمایاں بچت متوقع ہے۔
پنجاب میں پہلے گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح، مریم نواز
