پنجاب میں دہشت گردی کے خدشات کے پیشِ نظر انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرلی۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر عارف والا روڈ پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی ہے، جو انتہائی مطلوب اور حساس نوعیت کی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز اور اسلحہ برآمد کیا گیا، جسے ممکنہ طور پر کسی بڑی تخریبی کارروائی میں استعمال کیا جانا تھا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث ایک بڑے دہشت گردی کے واقعے کو ناکام بنا دیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد کو فوری طور پر نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے دوران اس کے نیٹ ورک، سہولت کاروں اور دیگر ممکنہ دہشت گرد عناصر سے متعلق اہم انکشافات کی توقع ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم کے خلاف دہشت گردی، اسلحہ رکھنے اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ سی ٹی ڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
