قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے آج صبح وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ عزت مآب ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان-قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔
ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان قطر تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ اشیاء کی برآمدات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان- قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ پر تبادلہء خیال کیا اور طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ عزت مآب ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے رمضان المبارک کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہء خیال جائے گا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
